ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / وزیراعلیٰ سدرامیا کا نومنتخب پنچایت صدور و نائب صدور سے خطاب؛ عوام کی ترقی کے لئے کام کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سدرامیا کا نومنتخب پنچایت صدور و نائب صدور سے خطاب؛ عوام کی ترقی کے لئے کام کرنے کی ہدایت

Thu, 30 Jun 2016 12:39:34  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو۔(ایس او نیوز) ضلع پنچایت صدور اور نائب صدور سیاسی سرگرمیوں میں الجھے رہنے کی بجائے اپنے اپنے اضلاع کے عوام کی ہمہ جہت ترقی اور دیہی معیار زندگی کو بہتر بنانے کی طرف متوجہ ہوں ۔ یہ بات آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ آج ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں نومنتخب پنچایت صدور ونائب صدور سے خطاب کرتے ہوئے سدرامیا نے کہا کہ انتخابات لڑنے اور جیتنے تک کی سیاست کو محدود رکھاجائے۔ جیتنے کے بعد سیاست نہیں بلکہ صرف ترقی کو مرکز توجہ بنانا چاہئے۔ دیہی علاقوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی طرف ضلع پنچایتوں کی طرف سے کی جانے والی پہل کو حکومت ہر حال میں ساتھ دینے کیلئے تیار ہے۔پنچایتوں کو دراصل دیہی علاقوں کی بہترین کیلئے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔ان اختیارات کا بھرپور استعمال کریں۔ پنچایت صدور ونائب صدور اگر اپنے اختیارات کا صحیح استعمال کریں گے تو پانچ سال میں وہ اپنے اپنے اضلاع کی ترقی کے نقشے کو بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں کی مانند دیہی علاقوں کے عوام کو بھی ہر طرح کی بنیادی سہولت مہیا کرانے کیلئے اگلے پانچ سال کے دوران صدور ونائب صدور کو کام کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری فلاحی منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کو دیہی علاقوں میں لاگو کرنے کیلئے انتظامیہ میں لامرکزیت لائی گئی ہے اور ملک بھر میں پنچایت نظام رائج ہوا ہے۔ ضلع ، تعلقہ اور گرام پنچایت صدور اگر دیانتداری سے اپنا کام کریں گے تو تینوں سطحوں پر ترقی یقینی بنے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پنچایت راج ایکٹ میں ترمیم کے ذریعہ ضلع پنچایت صدور کو وزرائے مملکت کا درجہ دیاہے۔ اس اختیار کا استعمال عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع پنچایت اپنے ماتحت آنے والی سرکاری اسپتالوں ، ہاسٹلوں اور دیگر سرکاری دفاتر کا بے وقت غیر متوقع دورہ کریں اور وہاں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس کی اصلاح پر توجہ دیں۔ اس موقع پر کلیدی خطبہ دیتے ہوئے وزیر دیہی ترقیات وپنچایت راج ایچ کے پاٹل نے کہاکہ ریاستی حکومت نے محکمہ¿ دیہی ترقیات اور پنچایت راج کو مستحکم بنانے کیلئے نیا قانون وضع کیا ہے، جس کے ذریعہ محکمہ کو بہت سارے اختیارات ملے ہیں۔ پنچایت ر اج نظام کو نئے قانون کے ذریعہ لاگو کرنے کی جوکوشش سدرامیا حکومت نے کی ہے اسے ملک بھر میں انقلابی قرار دیا جارہاہے۔ میٹنگ میں نئے ضلع پنچایت صدور ونائب صدور وزیر اعلیٰ کے تمام پارلیمانی سکریٹریز ، چیف سکریٹری اروند جادھو ،وزیر اعلیٰ کے پارلیمانی سکریٹری پٹ رنگا شٹی ،وجئے آنند کاشپنور ، اڈیشنل چیف سکرٹیری لکشمن را¶ ، محکمہ¿ دیہی ترقیات وپنچایت راج کی پرنسپل سکریٹری ناگامبیکا دیوی ، کمشنر مونیش مگل اور دیگر موجود تھے۔


Share: